حب کینال میں نہانے پر عائد پابندی کی خلاف ورزی پر منگھوپیر پولیس کا ایکشن، 35 سے زائد افراد گرفتار
حب(یو این اے )کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی جانب سے حب کینال میں نہانے پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو دی جانے والی خصوصی ہدایات کے بعد منگھوپیر پولیس نے کینال پر بڑا ایکشن لیا ہے۔ کمشنر کراچی آفس سے جاری کردہ آفیشل ہینڈ آٹ کے مطابق، ڈپٹی کمشنر نے پابندی پر عملدرآمد کے حوالے سے کمشنر کراچی کو تفصیلی رپورٹ پیش کی ہے، جس کے مطابق منگھوپیر پولیس نے حکومتی احکامات کی سنگین خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے 35 سے زائد افراد کو موقع سے گرفتار کر لیا ہے اور ان کے خلاف دفعہ 188 پی پی سی کے تحت باقاعدہ ایف آئی آرز درج کر لی گئی ہیں۔انتظامیہ کی جانب سے تمام شہریوں کو ایک بار پھر سختی سے متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ نہر کے پورے علاقے میں جانے، نہانے، تیراکی کرنے یا وہاں ہجوم کی شکل میں جمع ہونے سے مکمل گریز کریں، کیونکہ تمام خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بغیر کسی رعایت کے فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ہینڈ آٹ کے ذریعے شہریوں کو مخلصانہ مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے حب کینال پر نہانے سے باز رہیں؛ بالخصوص والدین کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں کسی بھی ناخوشگوار حادثے یا سخت قانونی کارروائی سے بچانے کے لیے نہر کی طرف جانے سے سختی سے روکیں۔


