جلد ایران کی تیل اور گیس تنصیبات پر قبضہ کرلیں گے، ٹرمپ / تنصیبات پرحملوں کی دھمکیاں بے بسی کی علامت ہیں، ایرانی صدر
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی نیوی، ائیر فورس، ریڈار اور ہر طرح کا دفاع ختم ہوچکا ہے اور ہم آج رات ایران کو بہت شدید حملوں کا نشانہ بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل قریب میں امریکا ایران کے خارگ جزیرے سمیت دیگر تیل کے اہم مراکز پر قبضہ کرلے گا اور ایران کی آئل اور گیس مارکیٹس پر مکمل کنٹرول حاصل کرے گا۔ٹرمپ نے اپنے بیان میں وینزویلا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ امریکا وینزویلا میں بھی ایسا کرچکا ہے اور اس کا نتیجہ امریکا اور وینزویلا دونوں کے لیے بہت اچھا رہا۔
مسعود پزشکیان نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی گئی دھمکیوں پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ٹرانسپورٹیشن نیٹ ورکس سے لے کر بجلی اور پانی کی صنعتوں تک اہم تنصیبات عوام کی جان ہوتی ہیں، انہیں نشانہ بنانے کی دھمکیاں دینا طاقت کا مظاہرہ نہیں بلکہ خود مختار قوم کے سامنے بے بسی کی علامت ہے۔ایرانی صدر نے لکھا ہے کہ ایران اپنے ماہرین کے علم اور صلاحیتوں، قومی اتحاد اور یکجہتی پر بھروسہ کرتے ہوئے کسی بھی دباؤ یا خطرے کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔


