کوئٹہ، فتح خان روڈ پر گھریلو رنجش پر بھائی کی فائرنگ سے سگا بھائی موقع پر جاں بحق
کوئٹہ(یو این اے )صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے تھانہ قائد آباد کی حدود میں گھریلو رنجش کے نتیجے میں فائرنگ کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک بھائی نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے اپنے ہی سگے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور لاش کو اسپتال منتقل کیا۔پولیس ذرائع کے مطابق، جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت محمد باسط ولد منظور احمد، قوم شیخ، سکنہ قریشی محلہ فتح خان روڈ کوئٹہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ دیرینہ گھریلو ناچاقی اور رنجش کا شاخسانہ بتایا جاتا ہے، جس پر طیش میں آکر ملزم نے اپنے بھائی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں اور واقعے کی مزید قانونی تفتیش جاری ہے۔


