کرپشن کے بغیر یہاں کوئی کام نہیں ہوتا، سرکاری افسران کمیشن کو اپنا حق سمجھتے ہیں، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی

کراچی (ویب ڈیسک) سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کے بغیر سندھ میں کوئی کام نہیں ہوتا، سرکاری افسران کمیشن لیتے ہیں اور کمیشن کو اپنا حق سمجھتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی کا کہنا تھا کہ حکومتی اراکین جسے کامیاب بجٹ سمجھتے ہیں، ایسا لگا کہ یہ بجٹ سندھ کے عوام کو خسارے میں ڈال رہا ہے۔ علی خورشیدی کا کہنا تھا کہ ہم سے کہا جاتا ہے کہ وفاق میں حکومتی عہدوں سے استعفیٰ دیں، اگر پیپلز پارٹی صدر مملکت، چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی اسپیکر کو قومی اسمبلی سے استعفے دلوائے تو ایم کیو ایم کے وفاقی وزراءبھی استعفیٰ دینے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی پی کی حکومت میں سے الیکٹیبلز نکال دیں تو حکومت گر جائے گی، یہ مت کہا کریں کہ کارکردگی پر عوام ووٹ دیتی ہے، سعید غنی کہتے ہیں کہ لاہور میں ایم کیو ایم نہیں تھی اسی لیے امن تھا، ہم کہتے ہیں لاہور میں پیپلز پارٹی نہیں اس لیے امن ہے، کچے میں کونسی ایم کیو ایم تھی۔ انہوں نے چھوٹے گریڈ کے ملازمین کی تنخواہ میں کم سے کم 20 فیصد اضافے اور پولیس کے سپاہی کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابرکرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مختلف محکموں کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کا مسئلہ حل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام جاننا چاہتےہیں کہ سانحہ گل پلازا کیسے ہوا؟ سانحہ گل پلازا کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں