ہمارے ڈرائیورز کو مستونگ سے گاڑی سمیت نامعلوم افراد اپنے ساتھ لے گئے ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے، کوریئر کمپنی
ایلیا کوریئر اینڈ لاجسٹکس کمپنی نے اپنے مستونگ میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ ہم اپنے ڈرائیو ر اور گاڑی کے حالیہ واقعے کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی وضاحت کرنا چاہتے ہیں۔ 24 جولائی 2026 کو بلوچستان کے علاقے خد کوچہ سے ہمارے ڈرائیور جان محمد اور سجاد علی کو ایک شاہزور گاڑی نمبر LD-6523 سمیت نامعلوم افراد اپنے ساتھ لے گئے۔ تاہم اس واقعے کے حوالے سے ابھی تک کسی بھی گروہ یا تنظیم کی ذمہ داری کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی، اس لیے ہم کسی مخصوص گروہ کو موردِ الزام نہیں ٹھہراتے۔ ہم تمام افراد اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کرتے ہیں کہ خدارا غیر مصدقہ، من گھڑت یا تبدیل شدہ خبروں کو پھیلانے سے گریز کریں کیونکہ ایسی معلومات ہمارے ڈرائیورز کی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔ ہماری اولین ترجیح اپنے عملے کی بحفاظت بازیابی ہے۔


