نوشکی اور کھڈکوچہ سے مکینوں کی بے دخلی بلوچ علاقوں پر قبضہ گیری کی واضح مثال ہے، اختر مینگل

کوئٹہ(یو این اے) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ نوشکی، مستونگ اور کھڈکوچہ سے علاقہ مکینوں کی بیدخلی اور برسوں سے آباد باغات کی کٹائی بلوچ علاقوں پر قبضہ گیری کی واضح مثال ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں سردار اختر مینگل نے کہا کہ ریاست کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ جب وہ طاقتور کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہتی ہے تو اپنی ناکامی اور غصے کا اظہار اسی انداز میں کرتے ہوئے خوف کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تاہم اس طرزِ عمل کے برعکس ریاستی اقدامات کے خلاف عوام میں دن بدن نفرت میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ یہ نفرتیں نسل در نسل منتقل ہوتی رہیں گی۔سردار اختر مینگل نے اپنے بیان میں نوشکی، مستونگ اور کھڈکوچہ میں مبینہ بیدخلی اور باغات کی کٹائی کے اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بلوچ علاقوں کے حوالے سے جاری پالیسی کا حصہ قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں