نظام مصطفیؐ و نفاذ ِاِسلام کے لئے جذبہ ِحسینی کی اشد ضروت ہے، مولانا عبدالغفور حیدری
حسن ابدال:جمیعت علمائے اِسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری و سنیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و نفاذ ِاِسلام کے لئے جذبہ ِحسینی کی اشد ضروت ہے، وقت کے یزید آج بھی دنیا میں ظلم و بربریت کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ واقعہ کربلا صبر، استقامت اور حق کے لئے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ اِن خیالات کا اِظہار اُنہوں نے حسن ابدال میں جمعیت علمائے اِسلام کے رہنماء ملک محمد شاہد کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اُنہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اِسلام اللہ کی زمین پراللہ کے نظام کے عملی نفاذ اورہر ظالم کے مقابلہ میں مظلوم کی حمایت کے لئے کوشاں ہے، سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور اُن کے ساتھیوں کا بھی یہی مشن تھا۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہو چکی ہے عوام کو مہنگائی بے روزگاری کے اژدھا کے سامنے پھینک دیا گیا ہے ملک کی داخلہ اور خارجہ پالیسی بری طرح ناکام ہوئی ہے،موجودہ حکومت کی دو سالہ کارکردگی گزشتہ حکومتوں کی کارکردگی سے بہت پیچھے ہے،اس حکومت سے جتنا جلد چھٹکارا حاصل ہو ملک کے لئے اتنا ہی بہتر ہوگا،جمیعت علمائے اِسلام پہلے دن سے اِس سلیکٹڈ حکومت کے نہ صرف خلاف ہے بلکہ ہم اِسے عوامی حکومت تسلیم ہی نہیں کرتے۔ اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹی کانفرنس کے لئے قائد محترم مولانا فضل الرحمان کی سرپرستی اور قیادت میں ہوم ورک مکمل کرلیا ہے، اِس کانفرنس میں دس سے زائد اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہوں گی اور اِس حکومت کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل طے کر کے متفقہ طور پر آگے بڑھیں گی،عام آدمی کی زندگی موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کے سبب اجیرن بن کر رہ گئی ہے،جمعیت علمائے اِسلام عوامی اُمنگوں کے مطابق اِس حکومت کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر جدوجہد جاری رکھے گی۔


