بلوچستان کے عوام فیڈریشن کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ جنرل قادر بلوچ
کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام فیڈریشن کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں موجودہ حکومت نے صوبے کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے،صوبے میں مسلم لیگ(ن) کی مقبولیت میں اضافہ اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ میاں نواز شریف اور مسلم لیگ(ن) کا بیانیہ ہی عوام کا بیانیہ ہے،عوام مسلم لیگ(ن) کے ساتھ ہیں وہ دن دور نہیں جب بلوچستان مسلم لیگ(ن) کا قلعہ بنے گا۔ یہ بات پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے بدھ کو دشت میں میر عرفان کرد کی رہائشگاہ پر ممبر سازی مہم کے افتتاح کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں ہوتے ہوئے بھی عوام نے مسلم لیگ (ن) کے بیانیے کو پذیرائی دی جبکہ جھوٹ اور یوٹرن کے نام پر بننے والی حکومت نے صرف اور صرف عوام کو دھوکہ دیا دو سالوں کے دوران مہنگائی،بے روزگاری،معاشی بحران عروج پر پہنچ گئے ہیں حکومت عوام کی حالت زار بہتر بنانے کی بجائے سیاسی انتقام لینے میں مصروف ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو دوالیہ کردیا ہے ایسی صورتحال میں کہ جب عوام کو حکومت کے ریلیف کی ضرورت تھی ملک میں مصنوعی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی کا بازار حکومتی سرپرستی میں گرم ہے حکومت کارکردگی بہتر بنانے کی بجائے تشہیری مہم پر سرکاری خزانے خرچ کر رہی ہے لیکن انہیں معلوم نہیں کہ تبدیلی نعرے لگانے نہیں بلکہ عوام کی معاشی اور معاشرتی زندگی بہتر بنا نے سے آتی ہے جو صرف اور صرف مسلم لیگ (ن) ہی لا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی رٹ کو قائم رکھنے میں ناکام ہے ملک میں حکومت نہیں مافیاز کا راج چل رہا ہے جبکہ حکومت
بے بس ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پسماندگی کے خاتمے اور ترقی و خوشحالی کی باتیں صرف نعروں تک محدود ہیں عملی طور پر حکومت نے اب تک صوبے کی بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بلوچستان مسلم لیگ (ن) کا قلعہ بنے گا اور یہاں ایک بار پھر (ن) لیگ عوام کی خدمت کریگی


