تاریخ میں پہلی بار کویت میں بیک وقت 8 خواتین ججز کی تقرری
کویت عرب دنیا کا وہ پہلا ملک بن گیا، جہاں بیک وقت 8 خواتین ججز کو اعلیٰ عدالتی نظام کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ساتھ ہی کویت دور جدید میں بھی وہ پہلا اسلامی ملک بن گیا، جہاں بیک وقت 8 خواتین ججز کو عدالتوں میں تعینات کیا گیا۔کویت اور دیگر عرب ممالک کے علاوہ اگرچہ متعدد اسلامی ممالک میں خواتین کو عدالتی نظام سمیت دیگر انصاف، سیکیورٹی اور قومی سلامتی سمیت دیگر اہم معاملات کے شعبوں میں تعینات کیا جا چکا ہے۔
تاہم شاید ہی کسی اسلامی ملک میں حالیہ چند سال میں بیک وقت 8 خواتین کا اعلیٰ عدلیہ میں تقرر کیا گیا ہے۔کویت کے سرکاری خبر رساں ادارے کونا نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار 8 خواتین ججز نے تین ستمبر کو اپنے عہدے کا حلف لیا۔
خواتین ججز کے سمیت مجموعی طور پر 3 اگست کو 54 ججز نے کویت کی مختلف عدالتوں میں اپنے عہدوں کا حلف لیا۔نئے مقرر کیے گئے ججز کو کویت کی سپریم جڈیشل کورٹ سمیت سیشن کورٹس میں بھی تعینات کیا گیا ہے۔


