چمن،خانہ بدوشوں کے دو گروپوں میں مسلح تصادم،2 افراد جاں بحق
قلعہ عبداللہ:بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں خانہ بدوشوں کے 2گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، بچ بچاؤ کے لئے آنے والے 2افراد گولیاں لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگئے،اسسٹنٹ کمشنر جہانزیب شیخ کی نگرانی میں لیوز کی کارروائی، 3ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے پستول اور موٹرسائیکل برآمد کرلیا گیا ہے۔ لیویز ذرائع کے مطابق بدھ کے روز قلعہ عبداللہ کے قریب محمد علی باوڑی کے مقام پر جگی نشینوں (خانہ بدوشوں)کے 2گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اس دوران فائرنگ رکوانے اور بچ بچاؤ کے لئے بیچ میں آنے والے 2افراد نعمت اللہ ولد علی محمد اور عبدالواسع ولد عبدالواحد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، ملزمان موقع سے فرار ہوگئے،نعشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر جہانزیب شیخ لیویز اہلکاروں کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے ملزمان کا پیچھا کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر جہانزیب شیخ کے مطابق لیویز نے تینوں ملزمان عجب ولد سمن، محمد ولی ولد وزیر اور محمد اشرف ولد عبدالواحد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک عدد پستول اور ایک عدد موٹرسائیکل برآمد کرکے قبضے میں لے لیا ہے۔ ملزمان کو بعد ازاں لیویز کی گاڑی نائب رسالدار ژڑہ بند محمد رمضان کی نگرانی میں چمن منتقل کردیا گیا۔ ملزمان سے مزید تفتیش متعلقہ لیویز کررہی ہے۔


