سینکڑوں چیک پوسٹوں کی موجودگی میں شہری محفوظ نہیں ، پی ایس ایف
پشتون سٹوڈنٹ فیڈریشن کے صوبائی پریس ریلیز میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسد خان اچکزئی کو کوئٹہ سے لاپتہ کئے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا. بیان میں سیکورٹی اداروں اور خاص طور سے ایف سی کیکارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا گیا کہ صوبائی دارلحکومت کی سب سے اہم شاہراہ پر بھی شہری محفوظ نہیں۔ بلوچستان کے تمام شاہراہوں اور شہروں کے اندر اور باہر سینکڑوں چیک پوسٹوں کی بھرمار لگی پڑی ہے لیکن اس کے باوجود انسانی گمشدگیوں کے مسلسل واردات دیکھنے کو مل رہے ہیں جبکہ صوبہ بھر کے حالات مخدوش صورتحال کا شکار ہیں.
لاقانونیت کا یہ عالم ہے کہ ایک عام شہری کیلئے اپنے بنیادی حقوق کے ساتھ زندگی بسر کرنا اجیرن کردی گئی ہے. بیان میں کہا گیا کہ اے این پی بلوچستان کے صوبائی انفارمیشن سیکرٹری کا اغوا قابل مذمت ہے اور اس قسم کے واقعات صوبے کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھارہے ہیں. بیان میں پرزور مطالبہ کیا گیا کہ عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی پریس سیکرٹری کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے. جبکہ اسد خان اچکزئی سمیت تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے ریاست اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے فوری طور پر ان کی رہائی کے لئے سخت سے سخت اقدامات اٹھائے. دریں اثناء بیان میں پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے تمام ضلعی یونٹوں کو تاکید کی گئی کہ عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے صوبہ بھر کے مختلف ضلعوں میں اعلان کیے جانے والے مظاہروں میں اپنی بھرپور شرکت یقینی بنائیں.


