مولانا عادل خان قتل کیس: ملزمان کی گرفتاری کیلئے 4 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم

کراچی: کراچی میں مولانا عادل خان اور ان کے ڈرائیور پر ہونے والے قاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی جبکہ حملے کا مقدمہ شاہ فیصل تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔

مولانا عادل خان قتل کیس کی تفتیش کے دائرہ کو مزید وسیع کرتے ہوئے آئی جی سندھ مشتاق مہر کی ہدایت پر کراچی پولیس کے چار افسران پر مشتمل رکنی اعلیٰ سطح کمیٹی بنائی گئی ہے۔

کراچی پولیس کے اعلامیہ کے مطابق کمیٹی کی سربراہی کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کریں گے۔ کمیٹی میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد، ڈی آئی ایسٹ اور ایس ایس پی کورنگی شامل ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر آئی جی سندھ کو اپڈیٹ دے گی۔ کمیٹی اپنی معاونت کے لئے کسی بھی دوسرے یونٹ سے اراکین لے سکے گی۔

ادھر مولانا عادل خان اور ان کے ڈرائیور کے قتل کا مقدمہ ایس ایچ او شاہ فیصل تھانے کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے میں قتل اور انسداد دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمے کے اندراج کے بعد تفتیش سی ٹی ڈی منتقل کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں