مستقبل کے چیلنجزسے نمٹنے کیلئے تربیت جاری رہنی چاہیے‘آرمی چیف
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا بہاولپور کا دورہ، جوانوں کی سنائپر ٹریننگ دیکھی اور جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور عزم کی تعریف کی۔ کورکمانڈر بہاولپور سید محمد عدنان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ جمعرات کے روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ائی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور کا دورہ کیا ہے جہاں انہیں آپریشنل تربیتی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے جوانوں کی سنائپر ٹریننگ بھی دیکھی۔ جوانوں نے سنائپر سے 1500میٹر تک کے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انتہائی دور تک ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کے عمل کو سراہا اور جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور بلند عزم کی تعریف کی ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ ٹریننگ ہر جوان کی پیشہ وارانہ مہارت میں اضافہ کرتی ہے ۔ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ٹریننگ جاری رکھنی چاہیے۔ انہوں نے بہاولپور گیریژن میں سولجر کلب کا بھی افتتاح کیا۔ بہاولپور پہنچنے پر کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔


