عوام کرپٹ اور نااہل حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں،مولانا واسع
کوئٹہ;جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہاہے کہ پاکستان جمہوری تحریک کاگوجرانوالہ میں پہلا جلسہ اپنی کامیابی کے منازل طے کرکے آج کراچی میں نااہل حکمرانوں کے خلاف ایک اور عوامی ریفرنڈم کامظاہرہ کرنے جارہی ہے،عوام کرپٹ اور نااہل حکمرانوں سے تنگ آچکی ہے یہی وجہ ہے کہ ملک کی جمہوری قوتوں نے پرامن تحریک کاآغاز کرتے ہوئے نااہل حکمرانوں کو گھر بھیجنے کیلئے تحریک شروع کردی جس کے چلتے بہت جلد چور دروازے سے اقتدار میں آنے والے اپنے گھروں کو اسی راستے سے واپس لوٹ جائیں گے،25اکتوبر کو کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے زیراہتمام ہونے والا جلسہ صوبے کی تاریخ میں کامیاب ترین جلسہ ہوگاان خیالات کااظہار انہوں نے جمعیت علماء اسلام کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مولاناعبدالواسع نے کہاکہ ملک میں اس وقت مہنگائی،بے روزگاری اور دیوالیہ معیشت کا راج ہے نااہل حکمران اپنی موج مستیوں میں مشغول ہے،پاکستان اس وقت دنیا بھر میں تنہا ہوچکاہے کیونکہ ملک میں عام انتخابات کے بعد دھاندلی کے ذریعے آنے والے نااہل حکمرانوں کی ناکام خارجہ پالیسیوں کے بدولت ملک کے دوست ممالک بھی اب پاکستان سے کنارہ کشی اختیار کرنے کیلئے سوچ رہے ہیں انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ذریعے اہتمام ہونے والے جلسہ میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے یہ پیغام دیاکہ اب مزید نااہل حکمرانوں کو برداشت نہیں کیاجائے گایہی وجہ ہے کہ گوجرانوالہ کے جلسہ عام میں عوام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا،انہوں نے کہاکہ جس طرح جمعیت علماء اسلام کے زیراہتمام ملک بھر میں پرامن آزادی مارچ منعقد کئے گئے تھے اسی طرح کوئٹہ شہر میں بھی پی ڈی ایم کا جلسہ پرامن طریقے سے منعقد ہوگا اور یہ جلسہ صوبے کی تاریخ میں سب سے بڑا ہوگا اس میں عوام نااہل حکمرانوں کو یہ واضح پیغام دیگی کہ اب مزید انہیں برداشت کرنے کی سکت ختم ہوچکی ہے۔


