کوورونا وائرس کے باعث رمضان تک 34 ٹرینیں معطل

پاکستان میں تیزی سے پھیلتے ہوئے کورونا وائرس کے باعث رمضان تک 34 ٹرینیں معطل کر دی گئی ہیں۔وفاقی وزیر ِریلوے شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا اور کہا کہ 34 ٹرینیں معطل کی گئی ہیں، رمضان تک ٹرینیں معطل کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے خدشے کے باعث ریلوے کے 20 فیصد مسافر کم ہوگئے ہیں، کل شام سے 12 ٹرینیں بند ہوجائیں گی۔شیخ رشید نے بتایا کہ جو لوگ ٹکٹ خرید چکے ہیں وہ ریفنڈ بھی لے سکتے ہیں اور متبادل ٹرین میں بھی سفر کر سکتے ہیں، حالات بہتر ہونے پر معطل ٹرینیں بحال کر دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا اختیارمیرا نہیں وزیرِ اعظم عمران خان کا ہے، کسی ریلوے ملازم کو نہیں نکالا جا رہا ، ریلوے کو سبسڈی دینے کی بجائے ریلوے ملازمین کی پینشن حکومت ادا کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں