بی پی ایل اے کے انتخابات، یکجہتی پینل کامیاب ،کالج اساتذہ کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرینگے، پروفیسر حمید خان
بی پی ایل اے کے انتخابات، یکجہتی پینل کامیاب چیئرمین الیکشن کمیٹی بلوچستان پروفیسراینڈلیکچررز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ نتائج کے مطابق بی پی ایل کے آج ہونے والے انتخابات میں یکجہتی پینل نے813 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی جبکہ مد مقابل پروگریسو پینل نے 741 ووٹ حاصل کیا، یکجہتی پینل سے صدارتی امیدوار پروفیسر حمیدخان اور جنرل سکیرٹری کے لیے امیدوار پروفیسر طارق بلوچ تھے، اس موقع پر نو منتخب صدر پروفیسر حمید خان نے پوسٹ گریجویٹ سائنس کوئٹہ میں یکجہتی کے حامیوں کی کثیر تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کالج اساتذہ کے بدترین بحرانی دور کالج پروفیسرز کی انتخابی مراحل میں شرکت اور اشتیاق کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ کالج اساتذہ نے معاشرے کا حساس ترین اور با شعور طبقہ ہونے ثبوت دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ہم اپنے حقوق و فرائض سے بخوبی آشنا ہیں اور بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے کی تعلیمی ترقی و پیشرفت میں اپنا بہترین کردار ادا کریں گے لیکن اس کے لیے دیرینہ اور قابل حل مسائل کے لیے جد و جہد سائنسی و قانونی بنیادوں پر جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس چار سالہ پروگرام اور دیگر تعلیمی اہداف کو حاصل کرنے میں ہم اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور ساتھ ہی برادری کے بنیادی پیشہ ورانہ اور انسانی مسائل پر بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور ہر فورم پر معزز اساتذہ کی آواز کو آبرومندانہ طریقے سے ادا کریں گے۔ نو منتخب جنرل سیکرٹری پروفیسر طارق بلوچ نے بلوچستان بھر کے کالج اساتذہ خصوصا قابل احترام خواتین پروفیسروں کے پر خلوص اور بے لوث جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بی پی ایل اے کی تاریخ میں یہ انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل تھے جس میں برادری نے عزت و وقار کے ساتھ کامیابی حاصل کرلی۔ انہوں نے کہا ہر ایسوسی ایشن اپنے اراکین کے لیے محافظ کی حیثیت رکھتی ہے اور سابقہ روایت میں سب سے بدترین روایت اپنی ہی برادری کے خلاف انتقامی کاروائیاں تھیں جن کی اب کسی بھی قیمت پر اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا بی پی ایل اے کی تنظیم نو اور کالج اساتذہ کے مسائل کی ترجیحی بنیادوں پر حل پر زوردیتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کے بغیر تعلیمی ترقی کا خواب ادھورا ہوگا۔ اس موقع پر اساتذہ نے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں اپنے مکمل تعاون یقین دلایا اور آئندہ دو سالوں کو برادری کے انتہائی اہم قرار دیا۔


