کوئٹہ،کیچ کے برطرف 114اساتذہ نے احتجاجی کیمپ قائم کردیا
کوئٹہ:ضلع کیچ کے برطرف 114ٹیچرو ں نے منگل کو دوسرے روز بھی کوئٹہ پریس کلب کے سامنے لگائے جانے والے کیمپ میں علامتی ہڑتال جاری رکھی۔ اس موقع پر جی ٹی اے کے صدر حاجی حبیب الرحمن مردان زئی،سیکرٹری جنرل حفیظ عیسیٰ زئی،چیئرمین شان رند،چیف آرگنائزر یونس کاکڑ اوردیگر نے ہڑتال پر بیٹھے برطرف ملازمین سے کیمپ آکر اظہاریکجہتی کیا۔انہو ں نے ضلع کیچ کے 114ٹیچروں کی برطرفی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غلط رپورٹنگ پر اساتذہ کو بغیر شوکاز،جواب طلبی کے بیک جنبش قلم برطرف کرنا کسی بھی طرح درست اقدام نہیں ہے جس کی جی ٹی اے کسی بھی صورت اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ برطرف کئے جانے والے اساتذہ 15سے 20سال تک اپنے فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں لیکن انہیں بغیر کسی شوکا ز کے ملازمتوں سے برطرف کرنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم فوری طور پر برطرف کئے جانے والے 114ملازمین کو دوبارہ بحال کرے بصورت دیگر جی ٹی اے سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔ انہوں نے ہڑتال پربیٹھے برطرف اساتذہ کو جی ڈی اے کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔


