عدالتی احکامات پر 62 ٹریڈ یونینز کی رجسٹریشن، منسوخ کردی گئی
کوئٹہ:ڈی جی لیبر ویلفیئر بلوچستان سعید احمد سرپرہ نے کہا ہے کہ ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں کسی کی بلیک میلنگ میں کسی بھی صورت نہیں آئیں گے،بلوچستان ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں 62ٹریڈ یونینز پر پابندی عائد کی گئی ہے انکی جانب سے احتجاجی مظاہرے توہین عدالت کے زمرے میں آتے ہیں اس حوالے سے جلد ہی بلوچستان ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے بتایا کہ بلوچستان ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے کے تحت وہ تمام سرکاری ملازمین جو سول سرونٹ ایکٹ کی زمرے میں آتے ہیں ان پر کسی بھی قسم کی ٹڑیڈ/لیبر یونین کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ ملازمین کے جائز مسائل حل کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے ہیں لیکن ہم کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے اگر ملازمین کو محکمہ سے متعلق کوئی شکایات ہیں تو آئیں ہم انکی جائز شکایات کا ازالہ کریں گے۔


