ہیلی کاپٹر حادثے میں 6 امریکی فوجیوں سمیت امن مشن کے 8 اہلکار ہلاک

ایم ایف او کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ایک ہیلی کاپٹر کے حادثے کی تحقیقات کررہے ہیں،
مصر کے صحرائے سیناء میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں 6 امریکی فوجیوں سمیت 8 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق ہلاک ہونے والے دیگر 2 فوجیوں میں سے ایک کا تعلق فرانس اور ایک کا جمہوریہ چیک سے ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام اہلکار کثیر القومی مبصر فوج (ایم ایف او) کے امن مشن کا حصہ تھے۔
ایم ایف او کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ایک ہیلی کاپٹر کے حادثے کی تحقیقات کررہے ہیں تاہم انہوں نے حادثے میں جانی نقصان کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔
اسرائیلی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر ایجنسی کو ہیلی کاپٹرحادثے اور اس میں ہونے والی 8 ہلاکتوں کے بارے میں بتایا ہے۔
واضح رہے کہ کثیر القومی مبصرفوج (ایم ایف او) اقوام متحدہ سے الگ ادارہ ہے اور اس کا ہیڈکوارٹر اٹلی کے دارالحکومت روم میں ہے، اس فورس کو مصر اور اسرائیل کے 1978 میں ہونے والے تاریخی کیمپ ڈیوڈ معاہدے کے تحت قائم کیا گیا تھا۔
ایم ایف او اسرائیل اور مصر کے درمیان امن مشن پر موجود ہے، یہ زیادہ تر مصر اور اسرائیل کے درمیان موجود مصر کے جزیرہ نما صحرائی علاقے وادی سیناء میں ذمہ دارایاں سرانجام دیتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں