پنکج ترپاٹھی سے جواب ملنے پر اقرا عزیز خوش

حال ہی میں ریلیز ہونے والی بھارتی پولیٹیکل تھرلر ویب سیریز ‘مرزاپور 2’ کی کہانی کو نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان میں بھی سراہا گیا اور سیریز کو پاکستانی شوبز شخصیات نے بھی پسند کیا۔

‘مرزاپور 2’ کو ایکشن، کرداروں اور کہانی کی وجہ سے پسند کرنے والے پاکستانی اداکاروں میں اداکارہ اقرا عزیز بھی شامل ہیں، جنہوں نے سیریز دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا پر اس کی پسندیدگی کا اظہار بھی کیا تھا۔

اقرا عزیز نے پولیٹیکل تھرلر ویب سیریز دیکھنے کے بعد اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں سیریز کے مرکزی کردار اداکار پنکج ترپاٹھی کی تعریف بھی کی تھی۔

اقرا عزیز نے چند دن قبل اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ‘مرزاپور 2’ میں اکھنڈاننڈ ترپاٹھی کا مرکزی کردا ادا کرنے والے اداکار پنکج ترپاٹھی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں پسندیدہ کردار قرار دیا تھا۔

اقرا عزیز نے پنکج ترپاٹھی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ‘ہائے، کلین بھیا، آپ میرے فیورٹ ہو’ ساتھ ہی اداکارہ نے بھارتی اداکار کو اسٹوری میں مینشن بھی کیا تھا۔

اسٹوری شیئر کیے جانے کے بعد پنکج ترپاٹھی نے بھی اقرا عزیز کی اسٹوری پر انہیں جواب دیتے ہوئے ہاتھ جوڑنے کی ایموجی سے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بھارتی اداکار کی جانب سے جواب ملنے کے بعد اقرا عزیز نے اسٹوری پر پنکج ترپاٹھی کے جواب کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ انہیں یقین نہیں آ رہا کہ انہیں پنکج ترپاتھی نے جواب دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں