سلیکٹڈ حکومت نے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے،احسن اقبال

لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی ترقی کی علامت ہے،سلیکٹڈ حکومت نے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے،پی ڈی ایم کی تحریک ہر پاکستانی کی آواز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے پنجاب کے تنظیمی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان، جنرل سیکرٹری اویس لغاری سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔ سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے پنجاب کے عہدیداروں میں نوٹیفکیشن بھی تقسیم کئے۔احسن اقبال پنجاب کی تنظیم سازی مکمل ہونے پر پنجاب کے عہدیداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کا تنظیمی طور پر فعال ہونا سیاست اور پارٹی کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ کارکن ہمارا اثاثہ ہیں اور انہیں ہر سطح پر عزت و احترام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی ترقی کی علامت ہے،سلیکٹڈ حکومت نے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ تنظیم سازی کا فریضہ مکمل ہونے پر اطمینان ملا ہے،تمام عہدیدار اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،تنظیمی ڈھانچہ ووٹ کو عزت دو کی تحریک میں ہراول دستہ ثابت ہوگا۔اجلاس میں چار قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔ ایک قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ اجلاس پارٹی قائد نواز شریف کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو،پارٹی قیادت کا متفقہ فیصلہ ہے کہ نواز شریف اپنا علاج مکمل کرا کے وطن واپس آئیں، نواز شریف کا بیانیہ پوری قوم کا بیانیہ بن چکا ہے،نواز شریف نے قوم کو ایک نئی سوچ اور نظریہ دیا ہے۔دوسری قرارداد کے ذریعے مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کے ساتھ جیل میں انتقامی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جیل میں طبی سہولیات فراہم نہ کرنا قابل تشویش ہے۔ مطالبہ ہے کہ شہباز شریف کو ہسپتال منتقل کیا جائے اور حمزہ شہباز کو استحقاق کے مطابق طبی سہولیات دی جائیں۔اجلاس میں منظور کی تیسری قرارداد میں کہا گیا کہ اینٹی کرپشن کی جانب سے لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں قابل مذمت ہیں۔ ڈی جی اینٹی کرپشن وزیر اعظم کے دباؤ میں آکر لیگی رہنماؤں کے خلاف جھوٹے کیسز بنا رہے ہیں۔ عمران خان نے نیب کے بعد اینٹی کرپشن کو بھی انتقامی ادارہ بنا دیا ہے۔ اینٹی کرپشن کا کام سرکاری ملازمین اور صاحب اقتدار لوگوں کی کرپشن کو روکنا ہے لیکن ڈی جی اینٹی کرپشن حزب اختلاف کو دبانے کیلئے جھوٹے اورسالوں پرانے کیسز بنا رہے ہیں۔ مطالبہ ہے اینٹی کرپشن لیگی رہنماؤں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کاسلسلہ بند کرے۔ اجلاس میں منظور کی گئی چوتھی قرارداد میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ آٹا، چینی، گھی، دالیں اور سبزیاں عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں، حکومت نے تنخواہوں میں اضافہ نہ کر کے سرکاری ملازمین سمیت مزدور طبقے کے ساتھ ظلم و زیادتی کی ہے۔ وفاقی اور پنجاب حکومت عام آدمی کو ریلیف پہنچانے میں مکمل ناکام ہو چکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں