پرائیویٹ سکولز کا 25نومبر سے امتحانات کے انعقاد کا اعلان

کوئٹہ :بلوچستان پرائیویٹ سکولز گرینڈ الائنس نے سرد زون کے تمام نجی سکولوں میں سالانہ امتحانات 25نومبر سے منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے گورنر، وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزیر تعلیم سے اپیل کی ہے کہ تعلیمی اداروں کو تباہی سے بچانے کے لئے تعلیمی سلسلہ کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہنے دیا جائے بصورت دیگر گرینڈ الائنس ملکی سطح پر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے ساتھ مل کر احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔ان خیالات کا اظہار بلوچستان پرائیویٹ سکولز گرینڈ الائنس کے نذیر بڑیچ، حضرت علی کوثر، ملک رشید کاکڑ، حاجی سلیم ناصر و دیگر نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں ساہ 9مہینے کی طویل بندش کے بعد اگست کے مہینے میں مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت دی گئی اور اب ایک مرتبہ پھر تعلیمی اداروں کی بندش کی تجویز زیر غور ہے جس سے نہ صرف طلباء قیمتی سال ضائع ہونے کا اندیشہ ہے بلکہ تعلیمی اداروں کو بھی نقصان پہنچے گا اس سلسلے گرینڈ الائنس اس فیصلے کو مسترد کرتی ہے۔ گزشتہ سال دسمبر سے اب تک بلوچستان کے نجی تعلیمی ادارے اور ان میں زیر تعلیم 8لاکھ بچوں کا مستقبل داؤ پر لگ چکا ہے بلکہ 90فیصد نجی تعلیمی اداروں کو مالی نقصان کا سامنا ہے حالانکہ ورلڈ بینک، یونیسیف، عالمی ادارہ صحت و دیگرنے غریب ممالک میں کورونا سے تعلیمی اداروں کی بندش کو خطرناک اور تباہ کن قرار دیا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ 15دسمبر تک سرد زون کے سکولوں کو نہ چھیڑا جائے اوربغیر کسی رکاوٹ کے تعلیمی سلسلہ رکھا جائے۔ انہوں نے 25نومبر سے سرد زون کے سکولوں میں سالانہ امتحانات کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام نجی تعلیمی ادارے سردزون میں اپنے اپنے سالانہ امتحانات کی تیاری کے ساتھ مکمل ایس او پیز کے تحت جاری رکھیں۔انہوں نے گورنر، وزیراعلیٰ بلوچستان، صوبائی وزیر تعلیم اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ گزشتہ 9ماہ سے بدترین معاشی بحران کے شکار تعلیمی اداروں کے لئے ایمرجنسی طور پر پیکیج کا اعلان اور نجی تعلیمی اداروں کو بلاسود کے قرضے فراہم کی جائے بصورت دیگر گرینڈ الائنس ملکی سطح پر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے ساتھ مل کر احتجاج شروع کرنے پر مجبور ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں