ملتان اور لاہور جلسوں کیلئے وسیم اکرم پلس حکومت کی اجازت کی ضرورت نہیں،نفیسہ شاہ
اسلام آ باد :پاکستان پیپلزپارٹی نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے تمام جلسے بروقت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملتان اور لاہور جلسوں کے لیے اجازت نہ دینے کا فیصلہ قابل مذمت ہے۔ اس حوالے سے پیپلزپارٹی کی سیکریٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ ملتان اور لاہور کے جلسوں کے لیے اجازت نہ دینے کا فیصلہ قابل مذمت ہے، حکومت اجازت ناموں کی آڑ میں اپوزیش رہنماوں کو مسلسل ڈرانے، دھمکانے کا سلسلہ بند کرے۔ نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ پشاور کے کامیاب جلسے پر وہاں کے عوام کو سلام اور مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ تمام رکاوٹوں کے باوجود پشاور کے بعد ملتان اور لاہور کا جلسہ بھی شاندار ہوگا، جلسوں کے لیے وسیم اکرم پلس حکومت کی اجازت نہ پہلے درکار تھی نہ ہی اب چاہیے۔ سیکریٹری اطلاعات پیپلزپارٹی کے مطابق پی ڈی ایم کی تحریک کے راستے میں رکاوٹیں ڈالی گئیں تو پی ڈی ایم اپنا راستہ خود بنائے گی۔ انہوں نے دعوی کیا کہ حکومتی وزرا خود کارنر میٹنگز کر رہے ہیں جبکہ فردوس عاشق اعوان نے ایس او پیز کی جو خلاف ورزی کی وہ بھی سب کے سامنے ہے، کیا حکومت نے فردوس عاشق اعوان کے خلاف کوئی ایکشن لیا؟ کیا حکومتی اجتماعات میں کورونا نہیں آتا؟۔


