کوئٹہ میں پرائیویٹ پارکنگ کے نئے نرخ مقرر کردیے گئے
کوئٹہ:صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پرائیویٹ پارکنگ سے متعلق شکایات پر میٹروپولٹین کارپوریشن نے گاڑی،موٹرسائیکل اور سائیکل کی پارکنگ چارجز ریٹ مقرر کردئیے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور اسپیشل مجسٹریٹس کو ہدایت جاری کردی ہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے تعین کردہ چارجز ریٹس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔گزشتہ روز میٹروپولٹین کارپوریشن نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پرائیویٹ پارکنگ میں گاڑیوں،موٹرسائیکل اور سائیکل کی مد میں 30سے 100روپے کے چارجز کی وصولی کی شکایات پر پرائیویٹ پارکنگ کیلئے چارجز کی ریٹ کا تعین کردیا،کوئٹہ شہر میں پرائیویٹ پارکنگ میں گاڑی پارک کرنے پر30روپے،موٹرسائیکل پر20روپے اور سائیکل کی پارکنگ پر10روپے وصول کی جائیگی،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی،دوسری جانب ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اورنگزیب بادینی نے تمام اسسٹنٹ کمشنر سٹی،اسسٹنٹ کمشنر صدر،اسسٹنٹ کمشنر کچلاک،اسسٹنٹ کمشنر سریاب اور تمام اسپیشل مجسٹریٹس کو ہدایت جاری کی ہے کہ پرائیویٹ پارکنگ کیلئے میٹروپولٹین کارپوریشن کی جانب سے تعین کردہ قیمت پرعملدرآمد کرایاجائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیں۔


