کرپشن کی کشتی کا ڈوبنا لازمی ہے، فردوس عاشق اعوان

سیالکوٹ :وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کاکہنا ہے کہ کچھ سیاسی یتیم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں، پاناما رانی کرپشن کی کہانی، پی ڈی ایم پوری کی پوری کرپشن کی کشتی میں سوار ہے، کرپشن کی کشتی کا ڈوبنا لازمی ہے۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سرکاری اراضی پر سیاسی لٹیروں نے قبضہ کرکے ذاتی کاروبار کیلئے استعمال کیا،وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں قبضہ گروپوں سے قیمتی اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ریونیو ریکارڈ کو محفوظ بنانے کا سلسلہ شروع کیا ہے،ملی بھگت کرکے ریونیو ریکارڈ کرکے من پسند تبدیلیاں کردی جاتی تھیں،اب 115 اراضی ریکارڈ سینٹر قائم کئے جارہے ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وفاق اور پنجاب کی زمینوں کے کاغذات میں ہیرا پھیری کرکے استفادہ حاصل کیا جاتا تھا،شوباز شریف کیلئے ریکارڈ جلوادینا معمول تھا،پنجاب حکومت نے آن لائن فرد کا اجراء کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کا براہ راست فائدہ سمندر پار پاکستانیوں کو ہوگا،ان کی سہولت کیلئے 4 ممالک میں خصوصی کاونٹر قائم کئے جا رہے ہیں،جبکہ پنجاب کے مینئول ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانے کا کام جاری ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پٹواری عوام کے جیبوں میں ڈاکا ڈالنے کا باعث بنتے رہے،عوام کی جیبوں کو محفوظ بنانے کیلئے پٹواریاں کا خاتمہ کرکے ولیج آفیسر کا درجہ دینے جارہے ہیں،شہر کے بسنے والوں کے علاوہ دیہات کے کسانوں کیلئے بھی یہ خوشخبری ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب عام کاشتکار اور پسا ہوا طبقہ یہ سہولتیں حاصل کرسکے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں