وزیراعظم جب بھی نوٹس لیتے ہیں چیزیں مہنگی ہوجاتی ہیں، سعید غنی کی تنقید

صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم و محنت سعید غنی نے ایک بار پھر وزیراعظم اور وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ پچھلی بار گیس کے بحران کا الزام انھوں نے سندھ پر عائد کیا، آج ان کو گیس لائن کی اجازت مل گئی اور گیس لائن بچھ گئی ہے لیکن آج بھی پورے ملک میں گیس کا شدید بحران ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے گیس کے کارگو دنیا بھر میں سب سے مہنگے لیے ہیں، وزیراعظم جب بھی نوٹس لیتے ہیں چیزیں مہنگی ہوجاتی ہیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ ان کو لگتا ہے کہ وفاق صوبوں کو پالتا ہے، صوبے ملک کو چلاتے ہیں، صوبے کماتے ہیں تو اسلام آباد چلتا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم کے بعد محکمہ محنت میں وفاق، صوبوں کو جو شیئر اور اثاثے دینا نہیں چاہتا اسی لیے وفاق نے غیر آئینی طور پر ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر فنڈز پر قبضہ کیا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے جو بھی وعدے کیے، ان کے خلاف عمل کیا اور لوگوں کو نوکریوں سے نکالا گیا ملک میں معاشی بحران ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں