مولانا فضل الرحمان سمیت 20 سیاستدانوں پر دہشتگرد حملوں کا خطرہ ہے، شیخ رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سمیت 20 نامور سیاستدانوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں اور ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں سی پیک کے خلاف سازش ہورہی ہے اور شدید خطرات لاحق ہیں، تاہم ہماری فورسز نے سی پیک کے خلاف کسی تھریٹ کو کامیاب ہونے نہیں دیا، سیاستدانوں پر بھی حملے ہوچکے ہیں اور اس وقت پاکستان کے 20 نامور سیاستدانوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ ہے، اور تھریٹ الرٹ جاری کردیا گیا، مولانافضل الرحمان پر حملے کا خدشہ ہے اور ان کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف ملکی اداروں کے خلاف بیانیہ رکھتے ہیں، کوئی ایسا آرمی چیف اور جج نہیں جس سے انہوں نے تصادم نہ کیا ہو، نوازشریف نے اپنی سیاست کو خود دفن کیا ہے، ان سے گزارش ہے کہ لوگوں کو امتحان میں نہ ڈالیں، منی لانڈرنگ اور کرپشن کرنے والے نہیں بچ سکیں گے، عمران خان ایسی قانون سازی کریں گے کوئی کرپٹ نہیں بچے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے گزارش ہے کہ ذاتی لڑائی مت لڑیں، وہ اس اسمبلی کو ناجائز کہہ رہے ہیں جن میں وہ صدارتی امیدوار تھے، اب ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، مولانا فضل الرحمان کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اگر عمران خان سے نہیں تو کس سے بات کرنا چاہتی ہے، ان لوگوں کی سیاست دیکھیں یہ لوگ میڈیا میڈیا کھیل رہے ہیں، ہرخاندان نے کمپنی کی مشہوری کیلئے ایک آدمی چھوڑا ہوا ہے، بالآخر مسائل کا حل اسمبلیوں سے نکلے گا، اچھا موقع ہوگا اپوزیشن اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرے، اور سینیٹ الیکشن میں حصہ لے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں