عوام کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی آئینی ذمہ داری،سینیٹر جہانزیب جمالدینی

کوئٹہ :بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل وسینیٹر ڈاکٹرجہانزیب جمالدینی نے کہاہے کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی آئینی ذمہ داری،ایک بار پھر تواتر کے ساتھ ہزارہ برادری کونشانہ بنایاجارہاہے،بے بس اور غریب ہزارہ دووقت کی روٹی کیلئے مچھ میں شدیدسردی میں محنت مزدوری کرتے ہیں جبکہ حکومت کے درجن بھر وزراء ٹی وی پر بیٹھ کر متاثرین سے ہمدردی کااظہار کرنے سے قاصر ہیں،حکومت اپوزیشن کو زیر کرنے،18ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کیلئے تیار لیکن پولیس ریفارمز کیلئے سنجیدہ نہیں ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر ڈاکٹرجہانزیب جمالدینی نے کہاکہ آئین کے تحت عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے وفاقی وزراء ایوان میں بیٹھے ہیں جو اپوزیشن کومطمئن کرنے کی خاطر کچھ باتیں کریں گے لیکن بنیادی مسائل پر توجہ ناممکن ہے،انہوں نے کہاکہ ہزارہ کمیونٹی بار بار تواتر کے ساتھ نشانہ بنائے جارہے ہیں لیکن انہیں طفل تسلیوں کے سوا کچھ نہیں ملتا،اپوزیشن کاایک بیان اگر ٹی وی کی زینت بن جاتاہے تو ایک درجن کے قریب وفاقی وزراء چار،چار،چھ،چھ بندے اس کے جواب دینے کیلئے بیٹھے رہتے ہیں،کل سے ٹی وی دیکھ رہاتھا کیا وفاقی وزراء ٹی وی پر ہزارہ کمیونٹی کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر بات کرنے سے قاصر ہیں،ہزارہ کمیونٹی ہمارے ملک کے بے بس شہری ہے دو وقت کی روٹی کمانے کی خاطر مچھ میں شدید سردی میں دربدر تھے لیکن کسی کو کوئی فکر نہیں حکومت صبح سے شامل تک پروپیگنڈہ کرتے ہیں لیکن کیا وہ بلوچستان نہیں جا سکتے،وفاقی وزراء کو جاناچاہیے اور متاثرین سے بات کرنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ پولیس ریفارمز پر ایکسپرٹس متواتر کے ساتھ کہتے آرہے ہیں کہ جب تک پولیس ریفارمز نہیں ہونگے اسی طرح کے نوجوان روڈوں پر مارتے جائیں گے،اپوزیشن کو زیر کرنے کی خاطر ریفارمز کیلئے حکومت یکدم تیار،18ویں ترمیم کورول بیک کرنے کی خاطر تیار،صدارتی نظام لانے کی خاطر تیارہے لیکن پولیس ریفارمز کے حوالے سے کوئی سنجیدہ نہیں،ہزارہ برادری،روڈوں پر لوگوں کو سرعام نشانہ بنانے کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں