نیویارک ٹائمز کی سال 2021 میں سیاحت کیلئے بہترین مقامات کی فہرست، لاہور بھی شامل
نیویارک :امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے سال 2021 میں سیاحوں کے لیے 52 بہترین مقامات کی فہرست میں پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کو بھی شامل کیا ہے۔نیویارک ٹائمز نے اپنی یہ فہرست 2 ہزار سے زائد تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد مکمل کی جو انہیں دنیا بھر میں موجود اپنے قارئین کی جانب سے موصول ہوئی تھیں۔اس حوالے سے ان سے پوچھا گیا تھا کہ ‘تاریک سال’ (2020) میں کن مقامات نے انہیں خوش اور متاثر کیا اور ان کے سکون کا باعث بنے۔خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ پاکستانی مقامات کو سیاحت کے لیے عالمی سطح پر منتخب کیا گیا ہو۔ گزشتہ برس معروف کاروباری میگزین فوربز میں شائع ایک آرٹیکل میں 2020 میں سفر کے لیے 10 بہترین ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نام بھی شامل کیا تھا۔واضح رہے کہ 2019 میں بھی امریکی جریدے کونڈے ناسٹس کی چھٹیوں میں سفر کرنے کے لیے بہترین مقام کی فہسرت میں شامل ہوا تھا۔اس کے علاوہ دسمبر 2019 میں سفری میگزین ونڈرلسٹ نے بھی پاکستان کے 9 مقامات کو 2020 میں ایڈوینچر کے لیے بہترین قرار دیا تھا۔لاہور کو سیاحتی مقام کے طور پر شامل کرنے کی تجویز حنین اقبال نامی فری لانسر کی جانب سے دی گئی جو ان دنوں ٹورنٹو میں مقیم ہیں۔


