پیپلز پارٹی نے ہر دور میں بلوچستان کے عوام کے حقوق کی آواز بلند کی ہے،علی مددجتک

کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں بلوچستان کے عوام کے حقوق کی آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی ملک بلخصوص بلوچستان نا اہل حکومت کی وجہ سے بحرانوں کا شکار ہیں حکومت عوام کو روزگار دینے کی بجائے انہیں بے روزگار کر رہی ہے، سی اینڈ ڈبلیو سے 361ملازمین کو برطرف کرنے کی مذمت کرتے ہیں، حکومت اپنی نا اہلی کا غصہ عوام پر نکالنے سے گریز کرے، یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ حکومتی نا اہلی اور غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک بھر میں بے روزگاری، غربت اور مہنگائی بڑھ رہی ہے بغیر سوچے سمجھے اور قانونی پہلوؤں کو مد نظر رکھے بغیر بیک جنبش قلم سے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے 361ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کرکے سینکڑوں گھرانوں کو نان نفقہ کا محتاج کردیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پہلے ہی حالات بہت خراب ہیں ایسی صورتحال میں حکومت کے غیر سنجیدہ فیصلوں کی وجہ سے حالات مزید خرابی کی طرف جا سکتے ہیں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو بلوچستان میں روزگار کے مواقعے فراہم کرنے، معاشی بہتری اور عوام کی خوشحالی پر توجہ دینی چاہیے لیکن اس کے برعکس صوبے میں ہوش ربا مہنگائی، بے روزگاری بڑھ رہی ہیں جسکی وجہ سے عوام کا جینا دوبھر ہوچکا ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں بلوچستان کے عوام کے حقوق کی آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی اور آنے والے وقت میں ہم عوام کے مینڈیٹ سے منتخب ہوکر ایک بار پھر بلوچستان کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں