چیف سیکرٹری کا دورہ سریاب وسبزل، ترقیاتی کاموں میں سست روی پر کمشنر و پی ڈی کو نوٹس جاری

کوئٹہ؛ چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر نے ہفتہ کے روز کوئٹہ شہر کا دورہ کیا۔ جس میں سریاب لنک بادینی روڈ، سبزل روڈ، وحدت کالونی، بی ایچ یو، ائیر پورٹ روڈ پر جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اورنگ زیب بادینی، ٹیکنیکل ایڈوائزر سی اینڈ ڈبلیو مختار بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیف سیکرٹری نے ترقیاتی کاموں میں سست روی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ اور پروجیکٹ ڈائریکٹر کو جواب طلبی کا نوٹس دیا۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیا رکے مطابق تکمیل کو یقینی بناتے ہوئے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ وقت اور رقم کا ضیاع نہ ہو اور اس سلسلے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان کی ہدایت پر کوئٹہ پیکیج پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور لوگوں کی معیار زندگی بلند ہوگی انہوں نے کہا کہ شہر میں سڑکیں تنگ ہیں جس سے ٹریفک مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور لوگوں کو امدورفت میں تکلیف ہوتی ہے۔ جبکہ صوبائی حکومت شہر کی سڑکوں کو کشادہ کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے انہوں نے وحدت کالونی میں قائم بنیادی صحت مرکز کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے اورحکومت نے عوام کے بہترین علاج و معالجہ کیلئے ٹیلی ہیلتھ سہولت بھی شروع کی ہے انہوں نے کہا محکمہ جنگلات کی اراضی پر پارک بنانے کی بھی تجویز دیتے ہوئے کہا لوگوں کی تفریح کیلئے ایک بڑا پارک بنایا جائیگا جس میں واک ٹریک اور گرین بیلٹ بھی ہوگی جس سے لوگ مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے ایک ایک دن قیمتی ہے اور صوبے کے ترقی اور خوشحالی کیلئے ہر ایک کو ایمانداری کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں