پسنی میں کروڑوں روپے لاگت سے تعمیر سڑک میں ناقص میٹریل کا استعمال، چند دن بعد ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار

پسنی (رپورٹ: سخی کریم) پسنی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے برزکپر بلیک ٹاپ روڈ منصوبہ 10 روز میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، عوام میں شدید غم و غصہ۔ تفصیلات کے مطابق ایپاد کی جانب سے پسنی برز کپر روڑ کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا برز کپر بلیک ٹاپ روڈ منصوبہ مکمل ہونے کے محض دس روز بعد ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیا۔ سڑک مختلف مقامات سے اکھڑنے لگی جبکہ منصوبے میں مبینہ طور پر ناقص مٹیریل کے استعمال نے عوامی منصوبے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، علاقہ مکینوں کے مطابق سڑک کی سطح کئی جگہوں سے بیٹھ گئی ہے اور بلیک ٹاپ اکھڑنے کے باعث آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقہ مکینوں نے منصوبے کی ناقص تعمیر پر شدید تشویش اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود منصوبے میں معیار کو نظر انداز کیا گیا، جس کے باعث سڑک چند دن بھی برقرار نہ رہ سکی۔ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ تعمیراتی کام میں ناقص مٹیریل استعمال کیا گیا اور تکنیکی اصولوں کو نظر انداز کیا گیا، واضح رہے کہ مذکورہ روڈ منصوبہ ایپاد کی جانب سے تعمیر کیا گیا تھا، تاہم منصوبے کی جلد خراب ہونے پر شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔ علاقہ مکینوں نے حکومت بلوچستان اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ منصوبے کا فوری معائنہ کرایا جائے، ناقص تعمیرات کی تحقیقات کی جائیں اور عوامی سرمایہ ضائع کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں