جنوبی افریقہ کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں ایک اور شکست کا سامنا، پہلا ٹی ٹوئنٹی ہار گئے

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے دی۔قومی ٹیم نے محمد رضوان کی شاندار سنچری کی بدولت مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا تھا۔قذافی اسڈیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان ٹیم کو فیوریٹ قرار دیا جارہا ہے، جہاں مہمان ٹیم کے کپتان ہائنرک کلاسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔اننگز کے آغاز میں ہی کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوگئے، جبکہ دوسری وکٹ کے لیے نوجوان حیدر علی اور محمد رضوان نے 36 رنز جوڑے۔حیدر علی نے قلیل لیکن دھواں دھار اننگز کھیلی اور 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد حسین طلعت آئے اور انھوں نے محمد رضوان کا ساتھ دیا۔15 رنز بنانے کے بعد حسین طلعت بھی 69 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے جبکہ ان کے بعد بھی وقفے وقفے سے قومی ٹیم کی وکٹیں گرتی رہیں۔تاہم ایسے میں محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی کیئریر کی بہترین اننگز جاری رکھی اور آنے والے دیگر کھلاڑیوں افتخار احمد، خوشدل شاہ، فہیم اشرف اور محمد نواز کے ہمراہ نہ صرف ٹیم کا اسکور بلکہ اپنا اسکور بھی آگے بڑھایا۔محمد رضوان نے آخر اوور میں اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی اور ٹیم کو 169 کے ٹوٹل تک پہنچادیا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے اینڈائل پھیخلوکوائیو نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ تبریز شمسی، لوتھو سپالا اور یورن فورچن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کے اوپنرز ریزا ہینڈرکس اور جانیمن ملان نے 53 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر اپنی ٹیم کے لیے جیت کی امیدیں بڑھادیں۔ عثمان قادر نے اپنی جادوئی گیند سے برق رفتار 44 رنز بنانے والے ملان کو آؤٹ کرکے مہمان ٹیم کی اوپننگ پارٹنرشپ کو بریک لگادی۔ دوسرے اینڈ پر موجود ریزا ہینڈرکس نے دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ اپنی ٹیم کے اسکور کو بڑھانے کی ذمہ داری اٹھائی اور اسکور کو آگے بڑھایا۔ ایسے میں پاکستانی بولرز وقفے وقفے سے وکٹیں لیتے رہے اور پھر بالآخر ریزا ہینڈرکس بھی رن آؤٹ ہوگئے۔مہمان ٹیم کے بلے بازوں کی کوشش جاری رہی جس کے باعث انھیں جیت کے لیے آخری اوور میں 19 رنز درکار تھے۔تاہم فہیم اشرف کے اس اوور میں جنوبی افریقی ٹیم صرف 15 رنز بناسکی اور قومی ٹیم نے 3 رنز سے میچ میں کامیابی حاصل کرلی۔اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان ٹیم نے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی، جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 13 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہی کھیلا جائےگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں