اورماڑہ لاپتہ ماہی گیروں کی تلاش آج دوسرے روز بھی جاری

کوئٹہ (یو این اے) اورماڑہ کی سمندری حدود میں بدھ کی صبح سے لاپتہ ہونے والے مقامی ماہی گیر تاحال نہ مل سکے۔ لاپتہ ہونے والے ایک ہی خاندان کے تین ماہی گیروں کی تلاش کا عمل آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔ پاکستان نیوی کے غوطہ خور اور ریسکیو ٹیمیں نیوی کے ایئرکرافٹ سمیت پی ایم ایس اے بھی ریسکیو آپریشن میں مصروف عمل ہیں۔ دوسری جانب آج علی الصباح اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز اورماڑہ بشیر احمد کاکڑ کے حکم پر محکمہ فشریز اورماڑہ کی گشتی ٹیمیں بھی لاپتہ ماہی گیروں کی تلاش میں روانہ ہوئی ہیں جبکہ تلاش کے عمل میں مقامی ماہی گیر بھی فشریز ٹیم کے ہمراہ موجود ہیں۔ واضح رہے گزشتہ روز اورماڑہ کے سمندر میں ماہی گیری کے غرض سے جانے والے شمبے نامی ماہی گیر اپنے دو جواں بیٹوں سمیت سمندر میں لاپتہ ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں