الیکشن میں فیصلہ ووٹ سے نہیں، بوٹ اور نوٹ سے ہوتا ہے مولاناشیرانی

کوئٹہ(آن لائن)رہبر جمعیت مولانا محمد خان شیرانی نے کہا ہے کہ الیکشن میں فیصلہ ووٹ سے نہیں بلکہ بوٹ اور نوٹ سے ہوتا ہے اس قسم کے انتخابات کے ذریعے لوگوں کے بیچ دشمنیاں پریشانیاں اور لڑائیاں ڈالنے کے بجائے اسٹیبلشمنٹ "ادارہ برائے وزارت و سیاست” کے عنوان سے ایک ادارہ بنالیں وزارتوں کے خواہشمند لوگ اس ادارے کے پاس شکرانے کا رقم وزارت کی درخواست کے ساتھ جمع کرا لیا کریں اور پھر ہر ایک کو اس کے جمع شدہ رقم کے تناسب سے باری باری عوامی نمائندگی کی کرسی پر بٹھا دیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی پاکستان کے صوبائی مجلس عمومی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ خدا پرستی میں اپنے الگ نوعیت کی جمہوریت کا تصور موجود ہے لیکن موجودہ جمہوریت کی بنیاد میں خدا پرستی نہیں بلکہ ہوا پرستی ہے اس نظام کے نگران عالمی قوتیں سیاست اور حکومت کے میدان میں خدا کے دخل کو تسلیم نہیں کرتے جن لوگوں کو ہم لیڈر کہتے ہیں یہ امریکہ کے سامنے بھاگے بھاگے حاضر ہوتے ہیں کہ مجھے اقتدار میں حصہ دلا لوگوں کو ورغلانا میرا کام ہے پوچھنا چاہئے کہ امریکہ کے کولیشن سپورٹ فنڈ سے خریدی گئی بلٹ پروف گاڑیوں میں بیٹھنے والے سیاسی لیڈر ہمارے نمائندے ہیں یا امریکہ کے وکیل ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان فلاحی مملکت نہیں بلکہ سیکورٹی اسٹیٹ ہے اور سیکورٹی اسٹیٹس کا مزاج یہ ہوتاہے کہ وہ اپنے ہی لوگوں کے جیبوں میں کارڈ ڈال کر انہیں قاتل ڈاکو اور کرپٹ بناتے ہیں ہماری دعوت یہ ہے کہ نہ اسٹیبلشمنٹ کے لئے استعمال ہوں نہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف استعمال ہوں نہ اسٹیبلشمنٹ سے لڑیں نہ اسٹیبلشمنٹ کے لئے لڑیں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اس موقف سے اتفاق ہے کہ غلامی قبول نہیں اور بے جا مخاصمت مقصود نہیں نہ خود جنگ کرنی ہے نہ ہی جنگ کے لئے دوسروں کا آلہ کار بنیں گے –

اپنا تبصرہ بھیجیں