سپریم کورٹ نے عبدالخالق اچکزئی کو بطور اسپیکر بلوچستان اسمبلی بحال کر دیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی کو بحال کر دیا، تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا اسپیکر کی معطلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، پی بی 51چمن کے 12پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا الیکشن کمیشن کا حکم بھی کالعدم قرار دے دیا گیا۔سپریم کورٹ نے تمام امیدواروں کی رضامندی سے معاملہ دوبارہ الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا، سپریم کورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن تمام امیدواروں کو سن کر 10روز میں فیصلہ کرے، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں عدالت کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ کس ضابطے کے تحت الیکشن کمیشن نے 12پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کا حکم دیا، الیکشن کمیشن نے 12پولنگ اسٹیشنز کو دیکھا مگر دیگر کو نظر انداز کر دیا، ڈی جی لاءالیکشن کمیشن کے مطابق جن 12پولنگ اسٹیشنز پر زیادہ ٹرن آﺅٹ کی درخواست کی گئی صرف انہی کو دیکھا گیا، واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے مخالف امیدوار اصغر خان اچکزئی کی درخواست پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا، الیکشن کمیشن نے دوبارہ پولنگ کا حکم دے کر اسپیکر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں