حسن شاہ مزار کے قریب کوسٹ گارڈز نے کروڑوں کی منشیات اور ممنوعہ اشیاء تلف کر دیں

کوئٹہ(نمائندہ انتخاب)ترجمان کوسٹ گارڈ کے مطابق حسن شاہ مزار کے قریب پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے ممنوعہ اسمگل شدہ اشیاءاور منشیات کو جلانے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں عسکری، سول افسران، انٹرنیشنل کیمونٹی اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے شرکت کی، ترجمان نے بتایا کہ اسمگلنگ اور منشیات کی روک تھام، منشیات کو تلف کرنا اور معاشرے میں آگاہی پھیلانا ضروری ہے، اسمگلنگ اور منشیات کا ناسور کس طرح ہماری قوم اور بین الاقوامی برادری کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز نے ملک دشمن عناصر بالخصوص اسمگلنگ منشیات اور انسانی ا سمگلروں کے خلاف نہایت اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز کی طرف سے آج نذرآتش کی جانے والی 1954 کلو گرام چرس، 7.55کلو گرام ہیروئن،61.5کلو گرام کرسٹل،10.13کلو گرام افیون اور1500کلوگرام بھنگ ، 29,348 کلوگرام چھالیہ، 556کلوگرام چھالیہ (سپاری)، 29,267پیکٹ انڈین گٹکا /نسوار، 162بیگ چائنا سالٹ، 4,461 اسٹیک غیر ملکی سگریٹ ، 1080 شراب کی بوتلیں اور 16 ٹن تلف کردئیے گئے۔نذر آتش کی جانے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 291 ملین ڈالر ہے۔ترجمان کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز ہر سال اس تقریب کا اہتمام کرتی ہے تا کہ معاشرے میں اس نا سور کے خلاف آگاہی کو اجاگر کر سکے۔ اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ آئندہ بھی منشیات کی روک تھام کے لیے ہمہ تن مصروف عمل رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں