ہزاروں ملازمین، سالانہ 6 ارب روپے بجٹ کے باوجود محکمہ لائیو اسٹاک کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں، سرفراز بگٹی

کوئٹہ (آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا جائزہ اجلاس منگل کو یہاں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ بخت محمد کاکڑ، صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ محمد طیب لہڑی، سیکرٹری خزانہ بابر خان و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اجلاس میں لائیو اسٹاک سمیت دیگر شعبوں میں کاروبار کے لیے گریجویٹس کو چھوٹے قرضے دینے کا فیصلہ کیا گیا اس مقصد کیلئے ابتدائی طور پر دو ارب روپے مختص کئے جائیں گے اور یہ منصوبہ غیر سرکاری ادارے اخوت کی معاونت سے قابل عمل بنایا جائے گا اجلاس میں مال مویشیوں کی ویکسینیشن کے لئے صوبے کے 36 اضلاع میں موبائل یونٹس کی منظوری دی گئی اور محکمہ خزانہ کو منظور شدہ فنڈز کے اجراءسے متعلق احکامات جاری کئے گئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے محکمہ لائیو اسٹاک سمیت دیگر محکموں کی سینکڑوں ایکڑ سرکاری اراضی پر غیر متعلقہ افراد کے قبضے پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے تمام مقبوضہ اراضیات واہ گزار کرانے کا حکم دیا انہوں نے کہا کہ آئندہ کوئی بھی سرکاری زمین قبضہ ہوئی تو متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے خلاف کارروائی ہوگی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ گڈ گورننس کے قیام کا مقصد عوام تک حکومتی ثمرات پہنچانا ہے بلوچستان میں لائیو اسٹاک، زراعت اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کو درست کرلیا جائے تو بہت سے معاملات ٹھیک ہوجائیں گے اور عام بلوچستانی کے معیار زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی محکمہ لائیو اسٹاک میں لگ بھگ چھ ارب کا سالانہ بجٹ جبکہ سات ہزار سرکاری ملازمین تعینات ہیں اس کے باوجود مجموعی کارکردگی اطمینان بخش نہیں، بلوچستان کے لوگوں کی اکثریت کا گزر معاش لائیو اسٹاک اور زرعی شعبے سے وابستہ ہے تاہم صوبے بھر میں لائیو اسٹاک کے ملازمین کی اکثریت ڈیوٹی نہیں کرتی دفاتر غیر فعال اور مال داروں کو خاطر خواہ معاونت میسر نہیں محکمہ جاتی کارکردگی کا جائزہ لینے کا بھی کوئی ٹھوس میکنزم موجود نہیں ہے دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ریسرچ پر کوئی توجہ نہیں دی گئی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے محکمہ لائیو اسٹاک میں ہر سطح پر ملازمین کی پیشہ وارانہ تربیت پر زور دیتے ہوئے پہلے سے قائم ریسرچ انسٹیٹیوٹس کو فعال کرنے کی ہدایت کی اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے محکمہ جاتی بریفنگ میں دی گئی معلومات کی بناءپر بااثر شخصیات کے ذاتی زیر استعمال سول وٹنری اسپتالوں کی تفصیلات جیو ٹیگنگ کے ساتھ چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں جمع کرنے کا حکم دیا وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ایسے تمام بااثر افراد کے نام عوام کے سامنے لائے جائیں جنہوں نے سرکاری عمارات پر قبضہ کر رکھا ہے حیرت ہے کہ سرکاری عمارات کو ذاتی بیٹھکوں میں کیسے تبدیل کردیا گیا ہے عوام کے وسائل عوام کی امانت ہیں جن کا درست استعمال یقینی بنایا جائے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محکمہ لائیو اسٹاک کو مقامی سطح پر مال مویشیوں کی ویکسینیشن کی تیاری کے لئے مطلوبہ فنڈز کا اجرائ کیا جارہا ہے وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ نقصان میں چلنے والے سرکاری ڈیری اور پولٹری فارمز پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یا لیز کے تحت چلائے جائیں اور تمام غیر ضروری اخراجات بتدریج کم کرکے دستیاب وسائل عوامی سہولیات کے لئے بروئے کار لائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں