پولیو کے مکمل خاتمے کےلیے والدین، علما، اساتذہ اور تمام طبقات کو مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی، عبدالمجید بادینی
جعفرآباد (نمائندانتخاب )پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (S&GAD) بلوچستان انجینئر عبدالمجید بادینی نے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈیرہ اللہ یار میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ افتتاحی تقریب 15 دسمبر 2025 کو منعقد ہوئی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جعفرآباد ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈیرہ اللہ یار ڈاکٹر رفیق گھنیہ، ڈی ایس ایم PPHI جعفرآباد فیصل اقبال کھوسہ سمیت دیگر متعلقہ ضلعی افسران بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران بچوں کے والدین اور شہریوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری انجینئر عبدالمجید بادینی نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے والدین، علما، اساتذہ اور تمام طبقات کو مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے کو ترجیح دے رہی ہے اور پولیو جیسی موذی بیماری کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ہر مہم کے دوران پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہم کے دوران ٹیموں کی مو¿ثر نگرانی، سیکیورٹی اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔محکمہ صحت کے حکام کے مطابق 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران ضلع جعفرآباد کے شہری و دیہی علاقوں میں لاکھوں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ شہریوں نے مہم کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پولیو فری پاکستان کے لیے حکومت اور محکمہ صحت کا بھرپور ساتھ دیں گے۔


