مکران میڈیکل کالج کے طلبہ کا سی پیک روڈ پر جاری دھرنا ختم، مطالبات کی منظوری کیلئے احتجاجی کیمپ کالج کے اندر منتقل کردیا
تربت (نمائندہ انتخاب) مکران میڈیکل کالج تربت کے طلبہ کی جانب سے جاری احتجاجی دھرنا کالج انتظامیہ، سینئر فیکلٹی ممبران اور کیچ سول سوسائٹی کے ارکان پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد عارضی طور پر مو¿خر کردیا گیا۔ مذاکرات کی کامیابی کے بعد طلبہ نے غیر مشروط طور پر سی پیک روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا، جس سے شاہراہ پر آمد و رفت بحال ہوگئی۔ دھرنے کے باعث سی پیک روڈ پر ٹریفک معطل تھی، تاہم فیکلٹی ممبران، کیچ سول سوسائٹی اور وائس پرنسپل مکران میڈیکل کالج کی سربراہی میں ہونے والے مذاکرات کے بعد احتجاج میں شریک تمام طلبہ نے روڈ بلاک ختم کرنے کا اعلان کیا۔ طلبہ نے احتجاجی کیمپ کو سی پیک روڈ سے اٹھا کر مکران میڈیکل کالج (ایم ایم سی) کے اندر منتقل کردیا ہے۔ مذاکراتی کمیٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے طلبہ کے چند مطالبات تسلیم کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ باقی مطالبات پر تفصیلی غور و خوض کے لیے مذاکراتی نشست منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے اور بات چیت کے ذریعے قابلِ عمل حل نکالا جائے گا۔ احتجاجی طلبہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے تعلیمی اور انتظامی معاملات میں بہتری کے لیے احتجاج کیا تھا اور انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعد انہوں نے روڈ کھولنے اور احتجاج کا دائرہ کالج تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ طلبہ نے واضح کیا کہ اگر مطالبات پر پیش رفت نہ ہوئی تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔


