ریکوڈک مائننگ کمپنی کی معاونت سے ضلع چاغی کے نوجوانوں کی نیشنل ینگ لیڈرز کانفرنس میں شرکت
کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) ریکوڈک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) کی معاونت سے ضلع چاغی سے تعلق رکھنے والے 20 نوجوانوں نے نیشنل سطح کی ینگ لیڈرز کانفرنس (YLC) میں شرکت کی۔ یہ کانفرنس اسکول آف لیڈرشپ (SoL) کے زیرِ اہتمام منعقد کی جا رہی ہے جو ملک بھر کے نوجوانوں کو قیادت کی صلاحیتوں کے فروغ، تبادلہ خیال اور ذاتی صلاحیتوں کی نشوونما کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر سال منعقد کی جاتی ہے۔ کانفرنس میں شریک نوجوانوں میں 10 لڑکے اور 10 لڑکیاں شامل ہیں، جن کا انتخاب ینگ لیڈرز کانفرنس کی ٹیم نے ایک سخت اور مکمل طور پر میرٹ پر مبنی عمل کے ذریعے کیا۔ یہ نوجوان ضلع چاغی کی مختلف کمیونیٹیز کی نمائندگی کرتے ہیں اور اس علاقے کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتے ہیں۔ ینگ لیڈرز کانفرنس کا باضابطہ آغاز پیر سے کراچی میں ہو چکا ہے۔ کراچی روانگی سے قبل نوجوانوں نے ریکوڈک منصوبے کی سائٹ کا دورہ کیا، جہاں ان کی ملاقات ریکوڈک مائننگ کمپنی کے جنرل منیجر رائن مچل، سینئر مینجمنٹ اور کمیونٹی ریلیشنز ٹیم کے اراکین سے ہوئی۔ اس موقع پر رائن مچل نے چاغی کے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ینگ لیڈرز کانفرنس محض ایک تقریب نہیں بلکہ اپنی صلاحیتوں کو دریافت کرنے اور مستقبل کے اہداف متعین کرنے کا ایک اچھا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان چاغی کی ثقافت اور روشن مستقبل کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انہیں اپنی کمیونٹی کے سفیر کے طور پر خود کو پیش کرنا چاہیے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان بھر سے آنے والے ہم عمر نوجوانوں کے ساتھ اعتماد کے ساتھ مکالمہ کریں، اپنے تجربات شیئر کریں، سوالات اٹھائیں اور مختلف نقطہ نظر سے سیکھیں۔ جنرل منیجر سے ملاقات کے بعد نوجوانوں نے ریکوڈک پراجیکٹ کے اہم حصوں کا دورہ کیا، جن میں جیالوجی کور شیڈ اور لیبارٹری شامل تھیں۔ سینئر جیالوجسٹ حبیب الرحمٰن کبدانی نے انہیں ٹیتھیان بیلٹ، علاقائی جیالوجی اور ریکوڈک سمیت وسیع تر ضلع چاغی میں موجود معدنی وسائل کے بارے میں بریفنگ دی۔ نوجوانوں کو جیالوجیکل کورز سے بھی متعارف کرایا گیا اور کور کٹنگ، گرائنڈنگ اور بین الاقوامی معیار کے مطابق نمونوں کی تیاری کے مراحل سے آگاہ کیا گیا۔ شرکاءنے اس دورے کو سراہا اور پراجیکٹ کے تکنیکی اور سائنسی پہلوﺅں کو سمجھنے کے موقع پر اظہارِ تشکر کیا۔ یہ اقدام آر ڈی ایم سی کے کمیونٹی انگیجمنٹ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس پروگرام کی سفارش کمیونٹی ڈیولپمنٹ کمیٹیز (سی ڈی سیز) نے کی جو منصوبے کی سماجی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی میں رہنمائی کا اہم کردار ادا کرتی ہیں۔


