پسنی، مکران کوسٹل ہائی وے پر ٹریفک حادثہ،حق دو تحریک کے مرکزی جنرل سیکرٹری حفیظ کیازئی جاں بحق، دو افراد زخمی
پسنی (نامہ نگار) پسنی مکران کوسٹل ہائی وے پر ماکولہ کے قریب ٹریفک حادثہ،حق دو تحریک کے مرکزی جنرل سیکرٹری حفیظ کیازئی جاں بحق، دو افراد زخمی تفصیلات کے مطابق پسنی مکران کوسٹل ہائی وے پر ماکولہ کے قریب پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں حق دو تحریک بلوچستان کے جنرل سیکرٹری حفیظ کیازئی جاں بحق جبکہ حق دو تحریک چیئرمین حسین واڈیلہ سمیت دو افراد زخمی ہو گئے،ذرائع کے مطابق حادثہ گاڑی کا ٹائر اچانک پھٹنے کے باعث پیش آیا جس کے نتیجے میں گاڑی بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے میں حفیظ کیازئی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ حق دو تحریک بلوچستان کے چیئرمین حسین واڈیلہ اور وسیم صمد زخمی ہو گئے،واقعے کے بعد نعش اور زخمیوں کو فوری طور پر پاک عمان ہسپتال پسنی منتقل کیا گیا۔ ہسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد جاں بحق ہونے والے حفیظ کیازئی کی نعش ورثائ کے حوالے کر دی گئی، حادثے کا شکار گاڑی وندر سے گوادر جا رہی تھی جو پسنی سے تقریباً 50 کلومیٹر دور ماکولہ کے مقام پر حادثے کا شکار ہو گئی،دوسری جانب زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔


