میر جلال اور میر چاکر خان ہمارے حقیقی سفیر ہیں کراچی کے گینگسٹر نہیں ، ظہور بلیدی
ویب ڈیسک : پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات ظہور بلیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پرایک پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ ثقافت اور روایات پاکستان کے شاندار اور متنوع ثقافتی ورثے کا لازمی حصہ ہیں، جنہیں کسی بھی صورت منفی یا مجرمانہ انداز میں پیش نہیں کیا جا سکتا۔ظہور بلیدی نے کہا کہ ایک بھارتی فلم میں گینگسٹر کو کراچی میں بلوچ کمیونٹی کا نمائندہ بنا کر پیش کرنا نہ صرف افسوسناک بلکہ ایک منظم پروپیگنڈا بیانیے کی عکاسی کرتا ہے، جو بھارت کے مشکوک عزائم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ایک منی پاکستان ہے جہاں تمام قومیتیں باہمی احترام اور ہم آہنگی کے ساتھ رہتی ہیں، ایسے میں بلوچ شناخت کو جرائم سے جوڑنا ناقابل قبول ہے۔صوبائی وزیر نے خبردار کیا کہ اس قسم کے منفی کرداروں کو glorify کرنا نوجوان نسل کو گمراہ کرنے اور انہیں جرائم کی راہ پر ڈالنے کے مترادف ہے، جو معاشرے کے لیے انتہائی خطرناک رجحان ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ بلوچ قوم کے حقیقی سفیر گینگسٹر نہیں بلکہ عظیم اور تاریخی رہنما ہیں، جن میں میر جلال خان، میر چاکر خان رند اور دیگر بے شمار عظیم شخصیات شامل ہیں، جو بلوچ تاریخ، ثقافت اور روایات کے درخشاں باب ہیں۔


