وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا گیا، امریکہ میں فوجداری الزامات پر مقدمے کا سامنا کریں گے
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے وینزویلا کے خلاف بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں اور اِس کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ امریکا نے کامیابی کے ساتھ وینزویلا اور اس کے رہنما صدر نکولس مادورو کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی ہے، صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ آپریشن امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے کیا گیا۔ علاوہ ازیں ریپبلکن سینیٹر مائیک لی نے تصدیق کی ہے کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور وہ امریکہ میں فوجداری الزامات پر مقدمے کا سامنا کریں گے۔ یہ تصدیق سینیٹر مائیک کی امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ فون کال کے بعد سامنے آئی ہے۔ سینیٹر لی نے کہا کہ روبیو کا خیال ہے کہ اب جبکہ مادورو امریکی تحویل میں ہیں تو وینزویلا میں مزید کوئی کارروائی متوقع نہیں ہے۔


