کوئٹہ میں تاجروں کو تنگ کرنا بند نہ ہوا تو شٹر ڈاون اور پہیہ جام ہڑتال کریں گے، انجمن تاجران بلوچستان
کوئٹہ(یو این اے )مرکزی انجمن تاجران رجسٹرڈ بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ، حضرت علی اچکزئی، سید محمد جان آغا درویش، حاجی کلیم اللہ، سید نعمت آغا، حاجی رحمت اللہ، حاجی شین گل، حاجی داﺅد، حاجی موسی، حاجی نور محمد، حاجی عبید اللہ سمیت دیگر رہنماں نے کسٹم اور ایف سی حکام کی جانب سے کوئٹہ شہر اور ملحقہ علاقوں میں تاجروں کی دکانوں اور گوداموں پر چھاپوں، لیگل سامان ضبط کرنے اور بعد ازاں اسی سامان کو مبینہ طور پر دیگر تاجروں کو فروخت کرنے کے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اتوار کے روز پرانے بس اڈہ میں منعقدہ احتجاجی مظاہرہ، جو بعد میں احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کر گیا، سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اگر یہ سلسلہ فوری طور پر بند نہ کیا گیا تو تاجر برادری مزاحمت پر مجبور ہوگی اور آئندہ دنوں میں شٹر ڈان اور پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔رہنماں نے کہا کہ کوئٹہ اور بلوچستان کے تاجروں نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے، اس کے باوجود صوبائی دارالحکومت کوئٹہ، شہر اور گردونواح خصوصا لک پاس اور بلیلی چیک پوسٹ کے درمیان واقع علاقوں میں آئے روز رات کی تاریکی میں کسٹم حکام ایف سی اہلکاروں کے ہمراہ تاجروں کی دکانوں اور گوداموں پر چھاپے مار کر کروڑوں روپے مالیت کا لیگل سامان اٹھا کر لے جاتے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ جب کسٹم حکام سے رابطہ کیا جاتا ہے تو وہ سامان اٹھانے کی ذمہ داری ایف سی پر ڈال دیتے ہیں اور جب ایف سی حکام سے بات کی جاتی ہے تو وہ کسٹم حکام کو ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔ اس باہمی ذمہ داری سے انکار کے باعث تاجروں کا قیمتی اور لیگل سامان ضبط ہو رہا ہے جبکہ اس میں سے آدھا سامان مبینہ طور پر بازار میں دیگر تاجروں کو فروخت کر دیا جاتا ہے، جس سے اصل تاجروں کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔مقررین نے بتایا کہ اس ناروا صورتحال کے خلاف کلیکٹر کسٹم سے بھی ملاقات کی گئی اور انہیں رات کے وقت ہونے والے چھاپوں اور ضبط شدہ لیگل سامان کی فروخت سے متعلق تمام حقائق سے آگاہ کیا گیا، جس پر کلیکٹر کسٹم نے صورتحال کا جائزہ لے کر اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔تاجر رہنماں کا کہنا تھا کہ بلیلی اور لک پاس چیک پوسٹس سے گزرنے کے بعد بازار میں آنے والا سامان مکمل طور پر لیگل ہوتا ہے، اس کے باوجود دکانوں اور گوداموں پر چھاپے مارنا سراسر غیر قانونی عمل ہے۔ اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو تاجر برادری آئندہ دنوں میں سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تاجروں میں پائی جانے والی شدید تشویش کا فوری نوٹس لیا جائے اور کسٹم و ایف سی حکام کے مبینہ غیر قانونی اقدامات کا سدباب کیا جائے۔ احتجاج کے اختتام پر مظاہرین نے کسٹم اور ایف سی حکام کے خلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی اور بعد ازاں پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔


