بلوچستان کابینہ کا اہم اجلاس آج، صوبے کے ڈویژنز میں تبدیلیاں اور نئے اضلاع قائم کرنے پر غور

کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان کابینہ کا اہم اجلاس آج دوپہر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ہوگا، صوبے کے ڈویژنز میں اہم تبدیلیاں اور نئے اضلاع قائم کرنے پر غور اور اہم فیصلے کیے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان کابینہ کے آج ہونے والے اجلاس میں 25نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا۔ کا بینہ اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق کوئٹہ میں سریاب روڈ پر لوکل بس اڈے کی تعمیر، محکمہ مذہبی امور بلوچستان کے خاتمے ، صوبے میں نئے ڈویژن اور اضلاع کے قیام ، ہائےر ٹیکنیکل ایجوکیشن کو لازمی سروس قرار دینے ، صوبے میں نویں سے بارہویں کلاس تک کے قومی نصاب کو اپنانے، صوبے کے سکولوں میں ریاضی، وزیراعلیٰ اکیڈمک ایکسی لینس پروگرام کے تحت سائنس اور انگریزی کے استاتذہ کی ایڈہاک بنیادوں پر تعیناتی ،کوئٹہ میں فوڈ اسٹریٹس کے تعین ، آئینی ترمیم بل 2024،میونسپل کمیٹی ڈیرہ بگٹی کے چیئر مین نوابزادہ میر چاکر خان بگٹی کو برطرف کرنے ، بلوچستان سوشل پروٹیکشن اینڈ ریفارم انیشی ایٹو سمیت دیگر نکات پر غور اور اہم فیصلے کیے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں نصیر آباد ، لورالائی، سبی ڈویژنز میں تبدیلی اور نئے اضلاع قائم کرنے کے معاملات پر اہم فیصلے متوقع ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں