زیادہ تر لاپتہ افراد کالعدم بی ایل اے کے ممبران ہیں، بلوچستان حملوں میں خواتین کو استعمال کیا گیا، دہشتگرد بے شمار لاشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے، وزیر دفاع

کراچی (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر لاپتہ افراد کالعدم بی ایل اے کے ممبران ہیں، جب دہشتگرد مارے جاتے ہیں تو ثابت ہوتا ہے کہ ان کا نام لاپتہ افراد میں شامل ہے، ان کے لواحقین لاپتہ افراد کا الاﺅنس بھی لیتے ہیں اور یہ لوگ چھوٹے بچوں اور خواتین کو استعمال بھی کر رہے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ کل کے حملوں میں 2 جگہ خواتین کو استعمال کیا گیا، یہ ہمیں دوبارہ معاشی اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں، جو لوگ گرفتار کیے گئے ہیں ان کے انکشافات سے ثابت ہوتا ہے کہ دہشتگردی کے واقعات میں بھارت ملوث ہے، بی ایل اے ایک فارن فنڈڈ دہشت گرد تنظیم ہے، یہ دیگرمما لک میں بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور افغانستان بی ایل اے، ٹی ٹی پی جیسے فرنچائزز استعمال نہ کریں، ہم طویل عرصے سے ان کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، دہشتگردوں کا مکمل طور پر خاتمہ کریں گے، کوئٹہ سریاب روڈ پر واقعہ ہوا، دالبندین ایف سی ہیڈ کوارٹر پر خودکش حملہ ہوا، نوشکی میں بھی حملہ کیا گیا، 12 مقامات کو ٹارگٹ کیا گیا، دہشتگرد بے شمار لاشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے، ہماری افواج اس وقت بھی آپریشن میں لگی ہوئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے