بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال مخدوش، حکومت مسائل کو نظر انداز کرکے نئے ڈویژن بنانے کی فکر میں لگی ہے، مولانا واسع
کوئٹہ (این این آئی) جمعیت علماءاسلام بلوچستان کی صوبائی مجلس عاملہ اور پارلیمانی اراکین کا مشترکہ اجلاس صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبد الواسع کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں بلوچستان کی امن و امان کی صورتحال، ملازمین کے مسائل و احتجاج اور نئے اضلاع و ڈویژنز کے قیام سمیت مختلف امور پر تفصیلی غور و خوض کرتے ہوئے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبد الواسع اور صوبائی سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ نے بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، ریاستی رٹ کے صفر درجے تک گرنے اور عوام کو مسلح عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کی جانوں کے ضیاع، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے، بینکوں کو جلانے اور لوٹنے کے واقعات قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے اس موقف کی واضح تائید کرتے ہیں جس کا اظہار وہ ایوان سمیت ہر فورم پر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں بڑھتی ہوئی شورش اور بدامنی اس امر کی متقاضی ہے کہ ملک کے امور سنبھالنے والے ادارے زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے جمہوریت کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے سے گریز کریں اور حالات کے تدارک کے لیے مو¿ثر اور سنجیدہ اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ قبل از وقت انٹیلیجنس معلومات کی فراہمی اور مربوط حکمت عملی اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے مگر بدقسمتی سے اس حوالے سے سنگین کوتاہیاں سامنے آرہی ہیں جو عوامی تحفظ کے لیے نہایت خطرناک رجحان کی نشاندہی کرتی ہیں، جبکہ موجودہ حالات اس بات کا ثبوت ہیں کہ بلوچستان کو دانستہ طور پر عدم استحکام کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک جانب حکومت صوبے کے ملازمین کے جائز مسائل کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے اور نئے ڈویژن بنانے کے فکر میں لگے ہیں ، جبکہ دوسری جانب تاجروں کے گوداموں پر چھاپوں کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی توانائیاں ایسے اقدامات پر صرف کی جا رہی ہیں جس سے کاروباری طبقے میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے، لہٰذا حکومت فوری طور پر امن و امان کی بحالی، ملازمین کے مسائل کے حل اور تاجر برادری کے تحفظ کے لیے عملی اور مو¿ثر اقدامات کرے تاکہ عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد بحال ہو سکے۔


