اپنے حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے، حکمرانوں کو پشتون بلوچ دشمن پالیسی ترک کرنا ہوگی، اصغر اچکزئی
چمن (ویب ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے چمن پریس کلب میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کو پشتون اور بلوچ دشمن پالیسی ترک کرنا ہوگی۔ پشتون قوم اپنے حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی اور ہمیشہ اپنے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بوگس پارلیمنٹ سے ملک نہیں چل سکتا۔ 8 فروری کو انہوں نے ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس روز جمہوریت اور آئین کو پامال کرکے عوامی مینڈیٹ چرایا گیا اور ایک بوگس پارلیمنٹ قائم کی گئی، جہاں سے 25 کروڑ عوام پر جبر کے فیصلے مسلط کیے جا رہے ہیں۔ ان کا الزام تھا کہ بلوچ اور پشتون علاقوں کے وسائل لوٹے جا رہے ہیں اور آواز دبانے کے لیے نئے قوانین منظور کیے جا رہے ہیں۔ اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ ایک ہی ملک میں ملازمین کی مختلف تنخواہیں اور الاﺅنسز انصاف کے منافی ہیں، جبکہ حق کی آواز بلند کرنے والوں کو گرفتار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج ان کی جماعت کا جلسہ تھا جسے منسوخ کرکے دیگر سیاسی جماعتوں کے احتجاج کی حمایت کی گئی، کیونکہ اس دن کے حوالے سے ان کا بھی ایک واضح موقف موجود تھا۔ پریس کانفرنس میں اے این پی کے ضلعی صدر عبدالخالق حقمل، جنرل سیکرٹری سمیع اللہ اچکزئی، سینئر نائب صدر چیئرمین گل زمان، تحصیل سٹی جنرل سیکرٹری محمد علی مدلا سمیت پارٹی کے دیگر رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے۔ عوامی نیشنل پارٹی نے آج کے دن سیاسی کارکنوں کی گرفتاری، شیلنگ اور تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے حق کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا


