پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر ہیں، عوام تیل کی غیر ضروری خریداری سے گریز کریں، اوگرا
اسلام آباد (ویب ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ ترجمان اوگرا نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قومی طلب پوری کرنے کے لیے ذخائر کافی ہیں، عوام افواہوں پر توجہ نہ دیں اور غیر ضروری خریداری سے گریز کریں۔ ترجمان نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کےخلاف سخت قانونی کارروائی کافیصلہ کیا گیا ہے، غیر مجازمقامات پرپیٹرولیم مصنوعات رکھنے والوں کےخلاف ایکشن ہوگا، صرف لائسنس یافتہ آئل ڈپو اور آئل مارکیٹنگ ریٹیل آو¿ٹ لیٹس پر ذخیرے کی اجازت ہے۔ اوگرا ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبائی چیف سیکرٹریزکو ڈپٹی کمشنرز کو متحرک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، غیر قانونی ذخیرہ اندوزی پر متعلقہ مقامات سیل کیے جائیں گے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔ دوسری جانب رہنما پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سمیرحسین نے کہا ہے کہ تیل کمپنیوں نے پیٹرول پمپس کی مرضی سے خریداری روک دی ہے اور گزشتہ ماہ کی تیل کی فروخت کے اوسط کے حساب سے تیل سپلائی کیا جارہا ہے۔


